نئی دہلی،3؍ فروری(ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس رہنما راہل گاندھی نے مرکزی حکومت پرالزام لگایا کہ وہ ملک میں جمہوریت کو کمزور کرنے کیلئے عدلیہ الیکشن کمیشن اورپیگاسس جاسوسی سافٹ ویر کا استعمال کررہی ہے- لوک سبھا میں صدارتی خطبہ پر تحریک تشکر پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ 75سال قبل ملک میں شہنشاہیت کا جو رواج ختم ہوچکا تھا، مودی کے دور میں اسے بحال کردیا گیا ہے - ملک کے شہریوں کو دوحصوں میں تقسیم کردیا گیا ہے ایک بہت امیراوردوسرا غریب- ان دونوں کے درمیان خلیج دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے -
راہل گاندھی نے کہا کہ مودی نے اس ملک کی چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کو برباد کردیا ہے -میک ان انڈیا اور میڈان انڈیا اب انڈیا میں ممکن ہی نہیں ہے- وہ چھوٹی صنعتیں جو کروڑوں لوگوں کو روزگار فراہم کرتی تھیں وہ ختم ہوچکی ہیں -یوپی اے حکومت کے دورمیں 27 کروڑ لوگوں کو خط افلاس سے اوپر لایا گیا تھا -مودی حکومت نے 23 کروڑ لوگوں کو مفلس بنادیا ہے -راہل نے کہا کہ ان کے اس تبصرے کو تنقید نہیں بلکہ تصحیح مانا جائے-
راہل نے کہاکہ 1947 کے دوران آزادی کے مرحلے میں شہنشاہیت کا جو تصور ختم ہوچکا تھا بی جے پی اسے واپس لارہی ہے اورمودی کو ملک کا راجا بنانے کی کوشش کررہی ہے- راہل گاندھی نے مودی کو چیلنج کیا کہ ان کی امنگ جو بھی ہو وہ کبھی بھی تملناڈو کے عوام پر حکومت نہیں کرپائیں گے- راہل گاندھی نے کہاکہ وہ اس خاندان سے آتے ہیں جس نے اس ملک کیلئے قربانیاں دی ہیں -ان کے پردادا کو 15سال قید کیا گیا تھا- دادی کو 32 گولیاں ماری گئیں - والد کے پرخچے اڑادئے گئے-اسی لئے وہ جانتے ہیں کہ انہیں کیا بولنا چاہئے -مودی آج اس ملک اورعوام کے ساتھ خطرناک کھیل کھیلنے کی کوشش کررہے ہیں،مودی کو اس سے باز رہنا چاہئے -
لوک سبھا میں صدر جمہوریہ کی تقریر پر شکریہ کی تجویز پر بحث کی شروعات کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کی- راہل گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہم کمزور ہوئے ہیں - چین اور پاکستان ہمیں گھیرے ہوئے ہیں - حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے دونوں ملک اکٹھے ہوئے ہیں - ہمیں ان سے لڑنے کیلئے پالیسی بنانی ہوگی- آج ہمارا ملک خطرے میں ہے، ہم چاروں طرف سے گھرے ہوئے ہیں - اپنے آپ سے پوچھیں کہ آپ کو یوم جمہوریہ پر مہمان کیوں نہیں مل پا رہے ہیں، آج ہندوستان مکمل طور پر الگ تھلگ اور گھرا ہوا ہے- ہم سری لنکا، نیپال، برما، پاکستان، افغانستان اور چین سے گھرے ہوئے ہیں -انہوں نے کہا کہ صدر جمہوریہ کی تقریر سچائی سے بے حد دور تھی- اس تقریر میں بے روزگاری کو لے کر کوئی تذکرہ نہیں تھا- جب کہ گزشتہ سال تین کروڑ نوجوانوں نے اپنا روزگار گنوا دیا- کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا کہ50سال میں سب سے زیادہ بے روزگاری اس وقت ہندوستان میں ہے۔